Saturday, April 27, 2024

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے جاری

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے جاری
March 25, 2020
 اسام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے جاری ہے۔ اجلاس میں آٹھ نکاتی ایجنڈا زیرغور آئے گا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے اعلان کردہ ریلیف پیکج کی منظوری دی جائے گی۔ وزیر اعظم کورونا کی وباء سے نمٹنے کے حوالے سے اہم فیصلوں کے بارے میں کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیں گے ۔ ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کو ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ اجلاس میں شرکت کی ہدایت دیدی گئی۔ کابینہ ارکان کو مختلف سرکاری دفاتر میں آنے کی ہدایت بھی دی گئی ۔ کابینہ اجلاس کے لئے وفاقی سیکرٹریٹ کے تین الگ بلاکس میں ویڈیو لنک کا انتظام کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کے کچھ وزراء کو پی ایم آفس آنے کی بھی ہدایت  دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کو توانائی ڈویژن کی جانب سے بجلی اور گیس کے بلوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ پہلی قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری بھی دے گی۔ قانونی مقدمات نمٹانے سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ بینکوں کے منافع کی رقم اور غیر ملکی کمرشل قرضوں پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری دے گی۔ وفاقی کابینہ ایس ایم ای بینک کی بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری بھی دے گی۔ کابینہ عارضی بنیاد پر نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ سے متعلق ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دے گی ۔ کابینہ نیشنل ہسٹری اینڈ لٹریری ہیریٹیج ڈویژن کے نام کی تبدیلی کی منظوری دے گی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد نیا نام نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن ہو گا۔ کابیبہ ضلع ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک کی جائیداد اور اراضی کی لیز ریٹس کی قیمتوں کے از سر نو تعین کی منظوری دے گی۔