Tuesday, April 23, 2024

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا
October 31, 2018
اسلام آباد (92 نیوز ) وزیراعظم عمران خان  کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا، اجلاس میں   پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع اضافے پر ریلیف ملنے کا امکان پیدا ہوگیا، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کیلئے آئی جی ایف سی کی تقرریاں بھی ایجنڈے میں شامل ہیں ۔ وفاقی کابینہ کے آج ہونے والا اجلاس کا 8 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ،  وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا ۔ عمران خان دورہ چین پر ارکان کو اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں  میجر جنرل فیاض حسین شاہ کی بطور آئی جی ایف سی بلوچستان اور میجر جنرل راحت حسین احمد کی بطور آئی جی ایف سی خیبر پختونخواہ تقرری کی منظوری بھی شامل ہے ۔ کابینہ ریڈیو پاکستان بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری بھی دے گی جبکہ  اقوام متحدہ کے امن مشن کے حوالے سے پاک چین معاہدے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے ۔ آٹھویں ویج بورڈ کے چیئرمین اور پاکستان ایل این جی ٹرمینلز کے ڈائریکٹرز کے تقرری کی منظوری دی جائے گی  ، کابینہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اوگرا کی سمری کا بھی جائزہ لے گی ۔ ذرائع کے مطابق، کابینہ کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے کے متوقع اضافے کو کم کرکے  10 روپے جبکہ  پٹرول کی قیمت میں 9 روپے مجوزہ اضافے کو کم کرکے 7 روپے فی لیٹر کئے جانے کا امکان ہے۔مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی ردوبدل کا امکان موجود ہے۔