Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ، بڑے فیصلے کئے گئے

وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ، بڑے فیصلے کئے گئے
September 24, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل  کے اجلاس میں بڑے فیصلے کئے گئے ۔ ہائیرایجوکیشن کو صوبوں سے مل کر لائحہ عمل وضع کرنے کی ہدایت کردی، شوکت خانم اسپتال کی سروسز بلوچستان تک پھیلانے کے عزم کا اظہار کیا گیا،صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کی مانیٹرنگ کا جامع اور شفاف نظام مرتب کیا جائےگا ، اجلاس میں 7اکتوبر سے ملک بھر میں صفائی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدرات مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں چاروں وزرائے اعلی نے شرکت کی ۔ پٹ فیڈر اور کیرتھر کینال میں پانی کی کم دستیابی کے معاملے پر غور کیا گیا جب کہ ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ  کی صوبوں کو منتقلی کے حوالے سے  وزیرِ بین الصوبائی رابطہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ۔نیٹ ہائیڈل پرافٹس کے سلسلے میں اے جی این قاضی فارمولے پر عمل درآمد پر وفاق اور صوبوں میں اتفاق ہو گیا۔ مشترکہ مفادات کونسل کے اعلامیہ کے مطابق ملک میں تعلیمی اداروں کے معیاراوراعلیٰ تعلیم میں یکسانیت کے فروغ کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ کراچی کے لئے اضافی پانی کی فراہمی کی صوبہ سندھ کی درخواست نیشنل واٹر کونسل کے سپرد کردی گئی۔ مشترکہ مفادات کونسل  نے پلاننگ کمیشن کو بلوچستان میں بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کی مانیٹرنگ کا  جامع اور شفاف نظام مرتب کیا جائے گا ۔ پٹرولیم پالیسی 2012میں حکومت سندھ کی تجویز کردہ ترامیم کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کو سپرد کرنے کا فیصلہ کیاگیا، ملک میں یکساں معیار اور اسٹینڈرڈز کو یقینی بنانے اور اس ضمن میں متعلقہ کمپنیوں کو ون ونڈو سہولت فراہم کرنے کی ذمہ داری پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو  تفویض کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔ ریگولیٹری اتھارٹیز کی موثر عمل داری قابلِ عمل تجاویز مرتب کرنے کے لئے ٹاسک فورس بھی تشکیل دیدی گئی۔ وزیر اعظم نے چاروں وزیر اعلیٰ سے ملاقات اور گفتگو بھی کی ، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے وزیر اعظم کو صوبائی معاملات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر  وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں یکساں طور پرملک گیر صفائی مہم شروع کے جائے گی۔