Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس،مسلح افواج کے سربراہان کی شرکت

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس،مسلح افواج کے سربراہان کی شرکت
May 19, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں وزیر دفاع،وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ  کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔  اجلاس میں بھارت کی  ورکنگ باونڈری اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر  اظہار تشویش کیا گیا ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی مظالم کی شدید مذمت  کی گئی جبکہ ملکی سالمیت کو درپیش اندرونی و بیرونی  خطرات اور دہشت گردی سے نمٹنے پر غور کیا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ  میں اجلاس میں فاٹامیں خیبرپختونخواکاانتظامی وعدالتی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ  کمیٹی کا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو مزید انتظامی اور مالیاتی اختیارات دینے پر اتفاق کیا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ  کے مطابق اجلاس کے شرکا نے کشمیراورفلسطین پرپاکستان کےاصولی موقف پراطمینان کااظہار کیا  اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نےکمیٹی کو سیاسی جماعتوں کےساتھ ہونےوالے مذاکرات سے آگاہ کیا کہ پارلیمانی جماعتیں فاٹاکےخیبرپختونخوامیں انضمام پر متفق ہیں  ،کمیٹی نےبھی فاٹا کےخیبر پختونخوا میں انضمام کی توثیق کی جبکہ  فاٹا کے لیے اضافی فنڈ کی آئندہ 10 سال تک فراہمی پر بھی اتفاق کیا  گیا۔ سرتاج عزیزکی سربراہی میں قائم کمیٹی کوآزادجموں کشمیراورگلگت بلتستان اصلاحات پربریفنگ دی گئی جب کہ گلگت بلتستان میں 5 سال کی ٹیکس چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی۔