Thursday, April 25, 2024

قومی رابطہ کمیٹی کا ملک بھر میں لاک ڈاؤن کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ

قومی رابطہ کمیٹی کا ملک بھر میں لاک ڈاؤن کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ
April 13, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں مزید توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کتنے دن کی توسیع ہوگی اس بارے میں اعلان کل دوبارہ بیٹھک کے بعد کیا جائیگا۔ ذرائع وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں لاک ڈاون سے متعلق مشترکہ فیصلوں پر اتفاق کیا گیا۔ کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات زیر غور آئے۔ این ڈی ایم اے حکام نے طبی الات کی برآمد اور دستیابی سے متعلق کمیٹی کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں کورونا کی لیب ٹیسٹنگ سہولیات بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ عوامی آگاہی کو مزید موثر انداز میں جاری رکھنے پر اتفاق اور تعمیراتی سیکٹر کا پہلا فیز کل سے کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعظم نے کورونا کی وبائی صورتحال میں فیصلوں سے قبل مشاورت کا وزیراعلی سندھ کا مطالبہ مان لیا۔ وزیراعلی سندھ نے بڑے فیصلوں سے قبل سندھ حکومت سے مشاورت کی درخواست کی تھی۔ وزیراعلی سندھ نے فیصلوں سے متعلق سندھ حکومت کی ان پٹ شامل کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے لاک ڈاون میں مزید 14 روز کی توسیع کی درخواست کی تھی۔