Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
June 20, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، وزیراعظم نے جسٹس قاضی فائز ریفرنس سے متعلق عدالتی فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، محاذ آرائی نہیں چاہتے، وزراء کو ہدایت کی کہ عوام کو آپ کی کارکردگی نظر بھی آنی چاہیے، اسپتالوں میں ادویات اور آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گزشتہ روز کور کمیٹی کے اجلاس کی اندورنی کہانی کا 92 نیوز نے پتہ لگالیا۔ اجلاس میں اپوزیشن سے سخت مقابلہ، اتحادیوں سے بہتر تعلقات اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی طے کرلی گئی جبکہ پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو کورونا سے بچائو کے لئے متحرک کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دوران اجلاس کمیٹی ارکان نے رائے دی کہ اپوزیشن کو عوام کی پرواہ نہیں، وہ اپنے مفادات کی سیاست کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کورونا کے کیسز بہت اوپر جائیں گے، سمارٹ لاک ڈاون کے تجربہ کامیاب رہا۔ ٹیسٹنگ لیبارٹری، علاج کی سہولیات اور اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ جانتا ہوں کہ کورونا کی صورتحال پر قابو پانا آسان نہیں، اپوزیشن کو وبائی صورتحال میں بھی اپنی سیاست چمکانے کی پڑی ہے، وزراء کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا اور ہدایت کی عوام کو آپ کے کام کی کارکردگی نظر بھی آنی چاہیے، جو بھی آپ کام کریں اس کی تشہیر بھی ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بہتر کام پر حوصلہ بھی بڑھایا۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم نے کہا کہ قوم سے کچھ بھی نہ چھپانے کا وعدہ کررکھا ہے، جسے پورا کیا جائیگا۔ ہر قسم کے مافیا کا مقابلہ ہی نہیں کرنا، انہیں بے نقاب بھی کرنا ہے، وزیراعظم نے جسٹسی قاضی فائز عیسی کیس پر پارٹی ارکان کو بیان دینے سے بھی روک دیا۔