Saturday, April 27, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ، سیاسی، معاشی امور اور کورونا کی صورتحال کا جائزہ

وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ، سیاسی، معاشی امور اور کورونا کی صورتحال کا جائزہ
June 2, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیاسی، معاشی امور اور کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا مہنگائی پر اثر نہ پڑنے پر وزیراعظم نے اظہار ناراضی کیا اور مشیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جائے۔ وزیراعظم نے چینی کی قیمت میں بھی کمی کی ہدایت کی۔ کابینہ اجلاس میں نواز شریف کی لندن میں منظر عام پر آنے والی حالیہ تصویر کا بھی تذکرہ ہوا۔ کابینہ ارکان نے مؤقف اپنایا کہ نوازشریف ملک کا بیڑا غرق کرکے باہر سیروتفریح کر رہے ہیں۔ کابینہ اراکین نے اجلاس میں گندم اسکینڈل کی رپورٹ کا فرانزک کرانے کا مطالبہ کیا۔ فواد چوہدری، فیصل واوڈا اور مراد سعید نے گندم اسکینڈل کے ذمہ داران کو سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔ کابینہ نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی ۔ وفاقی بجٹ 21-2020ء سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ کو پاکستان انٹر نیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) طیارہ حادثے، تحقیقات اور میتوں کی شناخت کےعمل پر بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کو ملک بھر میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کی صورتحال کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نےایشیائی ترقیاتی بینک کو اسلام آباد میں دفتر تعمیر کرنے کی اجازت دینے سمیت فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل کی ڈیپوٹیشن پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کی ملازمت کو لازمی سروسز کا حصہ قرار دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔