Tuesday, April 23, 2024

وزیر اعظم کامقامی حکومتوں سے متعلق نئی قانون سازی کاعمل ایک ماہ میں کرنے کاحکم

وزیر اعظم کامقامی حکومتوں سے متعلق  نئی قانون سازی کاعمل ایک ماہ میں کرنے کاحکم
September 2, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مقامی حکومتوں سے متعلق نئی قانون سازی کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت  کر دی، عمران خان نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح اور پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے۔۔عمران خان نے پنجاب میں پولیس اصلاحات کے لئے ناصر درانی کو اہم ذمہ داری بھی سونپ دی۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق مقامی حکومتوں کے ڈھانچے میں تبدیلی  سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں متعلقہ اداروں کے حکام اور صوبائی نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا  اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی حکومت کی اولین ترجیح اور پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے ،  ماضی میں اختیارات کو چند لوگوں تک محدود رکھنے سے کئی مسائل کا سامنا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران  ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی جو ایک ہفتے میں مقامی حکومتوں کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی اور متعلقہ صوبائی اسمبلیاں انکا جائزہ لیں گی۔ وزیراعظم نے مقامی حکومتوں کے حوالے سے قانون سازی کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی  ۔ وزیراعظم کے ٹویٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں پولیس اصلاحات کی بنیاد ڈالنے والے آئی جی ناصر درانی نے ان سے ملاقات کی ہے ، عمران خان نے ٹاسک فورس کے سربراہ ناصر درانی کو ہدایت کی کہ  پنجاب میں پولیس کو سیاسی اثرورسوخ سے پاک کرنا ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ‏وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، انکی کابینہ اور صوبائی بیوروکریسی نے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ان سب پر واضح کیا کہ سوروزہ ایجنڈے کا نفاذ کلیدی ہدف ہے۔