Thursday, March 28, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس،بلدیاتی نظام تبدیل کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس،بلدیاتی نظام تبدیل کرنے کی ہدایت
September 1, 2018
لاہور( 92 نیوز)  عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ضمنی انتخابات کیلئے  ٹکٹوں  کی تقسیم سمیت اہم معاملات پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے پنجاب میں بلدیاتی نظام کو تبدیل کرنے کی ہدایت کردی ،اورنج لائن منصوبے کا فوری آڈٹ کروانے کی ہدایت بھی  کی ۔ وزیر اعظم نے  ہدایت دی کہ سو روزہ منصوبے میں عمل درآمد تیزی سے جاری رکھا جائے ، صحت ،تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کے شعبے میں تبدیلی نظر آنی چاہئے ۔ عمران خان  نے وزرا کو اپنے محکموں میں سادگی کے فروغ ، پولیس کو سیاسی اثر ورسوخ سے آزاد کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت ، تعلیم اور صاف پانی کے شعبوں میں تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ بعد ازاں وزیر اعظم سول سیکرٹریٹ پہنچے ،صوبائی سیکرٹریز سے اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان عمران کان کا کہنا تھا کہ ملک کو چلانے میں بیورو کریسی کا اہم کردار ہے ، مشکل حالات میں بیورو کریسی کو بڑے فیصلے کرنے پڑتے ہیں ، ہم آپ کو کارکردگی ظاہر کرنے کا پورا موقع دیں گے ۔ وزیراعظم نے صوبائی سیکرٹریز کو یقین دلایا کہ  ان کے کام میں سیاسی مداخلت نہیں ہوگی ۔ وزیر اعظم نے  سول سیکرٹریٹ میں پودا بھی لگایا۔