Thursday, March 28, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس9گھنٹے جاری رہا،ریکارڈ قائم ہو گیا

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس9گھنٹے جاری رہا،ریکارڈ قائم ہو گیا
December 11, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا مسلسل نو گھنٹے اجلاس  جاری رہا جس میں  26 وزرا سے مکمل بریفنگ  لی گئی جبکہ باقی وزرا کس دن حساب دیں گے اس کا فیصلہ بعد میں ہوگا ۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے  9 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔وزرا ، معاون اور مشیروں کو وزیراعظم کے سوالات کا جواب دینا پڑ گیا ۔ سو روز میں کارکردگی کیا رہی ، مستقبل میں کیا کرنے کا ارادہ ہے ؟، اپنی وزارت  کے اخراجات میں کتنی کمی کی،وزیر اعظم نے سب سے جواب مانگ لیا۔ کابینہ کا اجلاس دن گیارہ بجے شروع  ہوا اور بغیر کسی وقفے کے نو گھنٹے تک مسلسل جاری رہا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وزرا سے سخت سوالات کئے  جبکہ تسلی بخش کارکردگی پر وزرا کی حوصلہ افزائی بھی کئی گئی ۔ شیخ رشید نے ریلوے کے حوالے سے خود بریفنگ دی جبکہ اُنہیں ڈیسک بجا کر داد بھی دی گئی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بعض وزرا کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی  اور مشورے بھی دیئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بہتر کارکردگی دکھانے والے وزراء کی وزارت اور قلم دان دونوں محفوظ رہیں گے جبکہ  عمدہ کارکردگی نہ دکھانے والے کئی وزراء کو ٹف ٹائم ملنے کا امکان ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران  خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں۔ پانی جیسے مسائل کو عوامی سطح پر بھی اجاگر کیا جائے،  اگلے تین ماہ وزرا اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں، اب ہمیں زیادہ کام کرنا ہوگا، نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔  وزارتیں گذشتہ سو دنوں میں طے کے جانے والے اہداف کے حصول کے لیے لائحہ عمل مرتب کرکے ان اہداف کا حصول یقینی بنائیں۔ کابینہ کے اجلاس کے دوران مراد سعید اور فروغ نسیم کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا ۔ ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی ، اسد عمر ، پرویز خٹک ، شفقت محمود ، فیصل واوڈا ،شیریں مزاری اور علی محمد خان نے بھی اپنی اپنی وزارت کی  تفصیلی بریفنگ دی ۔ دوسری طرف  وزراء کی کارکردگی کا جائزہ  لینے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا اقدام ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا دنیا بھر سے پاکستانیوں نے وزیر اعظم عمران خان کی دل کھول کرتعریف  کی۔