Tuesday, April 23, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،9نکاتی ترمیمی ایجنڈے پر غور

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،9نکاتی ترمیمی ایجنڈے پر غور
August 28, 2018
اسلام آباد(92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں 9 نکاتی ترمیمی ایجنڈے پر غور کیا گیا ۔ وفاقی کابینہ کے بڑے فیصلے بھی کئے گئے جن میں  ایک کروڑ ملازمتیں ، پچاس لاکھ مکانات کی تعمیر،کریمنل پروسیجر کوڈ، صحت کے شعبہ اور نیب قوانین میں اصلاحات کے لئے ٹاسک فورسز قیام کے قیام  کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں  تحریک انصاف کے 100 روزہ پلان پر عمل درآمد کے بارے میں جامع نظام بنانے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی وزارتوں ، محکموں اور ڈویژنز میں سادگی اور اخراجات میں کمی کا جامع نظام بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں  اسحاق ڈار کے ساتھ منی لانڈرنگ میں ملوث نیشنل بینک کے چیئرمین سعید احمد خان فارغ  کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے لئے کمیٹی  قائم کر دی گئی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا خواتین کو وراثت میں حصہ ملنے کے حوالہ سے قانون میں بہتری لائی جائے گی، سول لا میں ہمارا معیار افغانستان سے بھی کم ہے۔ فواد چوہدری کا کہناتھا کہ کسی دیانتدار ملازم کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ، کسی کنٹریکٹ ملازم کو نہیں نکالا جا رہا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات کا کہناتھا کہ عمران خان وزیراعظم ہیں کیا وہ اوبر پر بنی گالہ جائیں؟ ۔ وزیر اطلاعات کے مطابق وفاقی کابینہ نے 10 بلین درخت لگانے کے لئے امین اسلم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی۔دو ستمبر کو پندرہ لاکھ درخت لگا کر اس مہم کا آغاز کیا جائے گا۔