Friday, April 19, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت نیکٹابورڈ آف گورنرز کا پہلااجلاس،سول و فوجی حکام کی شرکت

وزیراعظم کی زیر صدارت نیکٹابورڈ آف گورنرز کا پہلااجلاس،سول و فوجی حکام کی شرکت
September 25, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت نیکٹا بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چاروں وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ سمیت ڈی جی آئی ایس سمیت سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق نیکٹا بورڈ آف گورنرز کے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ادارے کے مینڈیٹ اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے بی نکات پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں بے انتہا قربانیاں دی ہیں۔ ہزاروں سویلین اور سیکیورٹی اہلکاروں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ عمران خان نے مسلح افواج، انٹیلی جنس اداروں، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی بہتر ہوتی صورتحال مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ نیکٹا جیسے اہم ادارے کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا اور بورڈ آف گورنرز کا ایک بھی اجلاس نہیں ہو سکا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئے زمینی حقائق کی روشنی میں نیکٹا کے کردار کو مزید موثر بنانے کےلئے اقدامات کریں گے، طویل عرصہ سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز درپیش ہیں ۔ انٹیلی جنس اداروں میں مؤثر رابطوں کی ضرورت ہے۔ نیکٹا کو متحرک کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کمیٹی ایک ہفتے میں سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔