Monday, May 6, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت مالیاتی امور پر اعلیٰ سطح کا اجلاس

وزیراعظم کی زیر صدارت مالیاتی امور پر اعلیٰ سطح کا اجلاس
May 14, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت مالیاتی امور پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ارکان اسمبلی نے وزیراعظم سے مہنگائی میں اضافے پر شکوے بھی کیے ۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کا مالیاتی امور پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ، ارکان پارلیمنٹ نے شکوہ کیا کہ  مہنگائی پہلے ہی آسمان پر ہے  ، مزید ٹیکسز سے غریب طبقہ مزید پس جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمنٹ نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ، وزیراعظم عمران خان نے کہا مہنگائی میں اضافے کا احساس ہے  ، کوشش کریں گے غریب طبقے پر نئے ٹیکسز کا بوجھ نہ پڑے ۔

نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی منظوری آج دی جائیگی ‏

مشیر خزانہ نے بتایا کہ 300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا جبکہ 75 فیصد صارفین نئے ٹیکسز سے متاثر نہیں ہوں گے ۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ غریب طبقے کے لیے احساس پروگرام کے تحت 180 ارب روپے رکھے جائیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا جو ادارے سفید ہاتھی ہیں، ان پر سبسڈی ختم کریں گے ۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آئندہ سپلیمنٹری گرانٹ یا ایس آر او پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر نہیں دی جائے گی ۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے بتایا کہ  اثاثوں سے متعلق ایمنسٹی سکیم 21 مئی سے پہلے لائی جا رہی ہے ، ایمنسٹی سکیم آخری چانس ہو گا ،سکیم ختم ہونے کے بعد صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر کریک ڈاون کریں گے ۔ اجلاس میں  ڈالر اور شرح سود سے متعلق سوال پر مشیر خزانہ نے بتایا کہ شرح سود اور ڈالر کا تعین سٹیٹ بینک کرے گا ۔