Thursday, March 28, 2024

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پیشرفت پر بریفنگ

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پیشرفت پر بریفنگ
May 22, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

 وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی جس  میں سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 نیشنل سکیورٹی کمیٹی اجلاس میں جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل  زبیر محمود حیات ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ائیر چیف اور نیول چیف شریک ہوئے۔ وزیر داخلہ، وزیر دفاع ، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور مشیر خزانہ نے بھی شرکت کی۔

 اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں خطے کی جیو سٹریٹجک صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

 اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال بہتر کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی۔

 اجلاس میں گلگت بلتستان سے متعلق کمیٹی کا الگ سیشن ہوا۔ وزیراعظم نے اصلاحات کے عمل میں گلگت بلتستان کے عوام بالخصوص نوجوانوں کی خواہشات کو مد نظر رکھنے اور فیصلہ سازی میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

 اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول اور پاک افغان بارڈر صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔