Thursday, March 28, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ، مختلف تجاویز زیرغور

وزیراعظم کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ، مختلف تجاویز زیرغور
February 17, 2020
 اسلام اباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ جائزہ اجلاس میں اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق ، فردوس عاشق اعوان، متعلقہ وفاقی سیکریٹری اور سینئر افسران شریک ہوئے ۔ اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ گندم، چینی، آلو، ٹماٹر ، پیاز، گھی اور دالوں کی قیمتوں میں استحکام اور ممکنہ حد تک کمی لانے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی طلب و رسد کو پورا کرنے اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری طور پر گندم کی خرید کے اس سال کے اہداف کو دوگنا کیا جائے گا۔ شوگر ایڈوائزری بورڈ تھرڈ پارٹی ایویلیوئیشن کے ذریعے چینی کی قیمت کا تعین کرے گا تاکہ سرکاری سطح پر چینی کا مناسب ریٹ مقرر کرنے میں مدد ملے۔ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک طریقہ کار طے کرے تاکہ گھی کی عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جا سکے۔ بنیادی اشیائے ضروریہ پر عائد ہونے والے ٹیکس میں کمی لانے کا معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سامنے پیش کرنے ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامی اقدامات کو مزید تیز اور موثر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وزارتِ نیشنل فوڈ سیکورٹی، صعنت و پیداوار اور کامرس باہمی مشاورت سے گندم، چینی ، دالوں و دیگر اشیائے ضروریہ کی برآمدات و درآمدات کے حوالے سے تخمینہ جات اور لائحہ عمل پر سفارشات پیش کریں ۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی اور روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے۔