Wednesday, May 8, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، گندم کی صورتحال کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، گندم کی صورتحال کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور
January 29, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گندم کی صورتحال، ملکی ضروریات ، موجود اسٹاک اور مستقبل کی ضروریات پورا کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، وزیرِ توانائی عمر ایوب شریک ہوئے۔ اجلاس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدا لحفیظ شیخ اور سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔ سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی نے اجلاس کو گندم کے حوالے سے مجموعی  صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کو گندم کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلی طور پر بریف کیا گیا۔ اجلاس میں گندم اور آٹے کے حوالے سے حالیہ دنوں میں پیش آنے والے حالات اور انکی وجوہات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اقتصادی رابطہ کمیٹی گندم کی  درآمد کی اجازت دے چکی ہے۔ گندم درآمد پر کوئی ٹیکس نہیں ہو گا۔  ملک میں فصلوں کی پیداوار کے  اعداد و شمار مرتب کرنے کے  نظام کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔  فصلوں کی پیداوار کے بارے میں درست ڈیٹا بروقت حاصل کرنے کے لئے کراپ سسٹم کو بہتر کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گندم بنیادی ضرورت ہے لہذا اس حوالے سے عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ ملکی ضروریات  کے مطابق گندم پوری کرنے  کو یقینی  بنانے کے لیے ہر ممکنہ اقدام اٹھایا جائے۔ گندم ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے۔ آنے والے مہینوں میں گندم کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے  پیشگی منصوبہ بندی کی جائے۔ گندم کی منصوبہ بندی میں تخمینوں اور طریقہ کار کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔