Friday, March 29, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، 21 افسران کی گریڈ 22 میں ترقی کی منظوری

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، 21 افسران کی گریڈ 22 میں ترقی کی منظوری
October 24, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ اختیاراتی بورڈ نے 21 افسران کو گریڈ 21 سے 22 میں ترقی دینے کی منظوری دے دی۔ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز بھی ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ اختیاراتی بورڈ کے اجلاس میں گریڈ 21 سے 22 میں ترقیوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ مختلف گروپس سے تعلق رکھنے والے 21 افسران کی گریڈ 22 میں ترقی کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے ایڈمنسٹریٹو سروس کے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، چیف سیکرٹری آزاد کمشیر شہزاد بنگش کو بھی گریڈ 22 میں ترقی دینے کی منظوری دی۔ اسی طرح ایڈمنسٹریٹو سروس کے عشرت علی، افتخار شیروانی، فرحان عزیز اور ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور ذوالفقار حیدر بھی ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔ فارن سروس کے اسد مجید، ظہیر جنجوعہ، صفدر حیات، خالد حسین میمن جبکہ کسٹم سروس کے احمد مجبتیٰ میمن اور عبدالرشید شیخ بھی گریڈ 22 میں ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔