Saturday, May 18, 2024

وزیراعظم کی بجلی چوروں کےخلاف کریک ڈاون مزید تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی بجلی چوروں کےخلاف کریک ڈاون مزید تیز کرنے کی ہدایت
January 25, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم نے بجلی چوروں کےخلاف کریک ڈاون مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ توانائی کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں خیبر پختون خوا میں توانائی مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پختون خوا محمود خان ، وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیر توانائی عمر ایوب ، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں توانائی مسائل کے حل کے لئے تجاویز پر مشاورت کی گئی۔ وفاقی وزیر توانائی نے صوبے میں بجلی چوری کی روک تھام جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم  نے گیس کی فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے صوبائی سطح پر توانائی مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعظم عمران خان  نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاون مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کی سزا عام عوام کو نہیں ملنی چاہئے۔ گیس اور بجلی چوری کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرے وفاقی حکومت اس سلسلے میں بھر پور تعاون کرے گی۔