Friday, March 29, 2024

وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپسی

وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپسی
September 30, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس میں شرکت اور تاریخی خطاب کیا۔ وزیراعظم عمران خان دنیا پر کامیاب سفارتکاری سے دھاک بٹھانے کے بعد پاکستان پہنچ چکے ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ پر عمران خان کا شایان شان استقبال کیا گیا، چارجڈ کراؤڈ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے ایک بار پھر کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کا عزم دہرایا۔وزیراعظم نے کہا دنیا کشمیریوں کےساتھ کھڑی ہو نہ ہو،پاکستان اپنے  کشمیری بہن بھائیوں کےساتھ کھڑا ہے۔ اقوام متحدہ میں سفارتکاری کا سکہ جمانے کے بعد وزیراعظم عمران خان  پاکستان پہنچ گئے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ، وزیراعظم عمران خان نے کہا دنیا کشمیریوں کےساتھ کھڑی ہو نہ ہو ، پاکستان اپنے کشمیریوں کےساتھ کھڑا ہے ۔اور یہ ایک جہاد ہے ۔ وزیراعظم نے کہامودی حکومت مسلمانوں سےنفرت کرتی ہے ، مودی کا فاشسٹ چہرہ دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کیا جائے گا۔ عمران خان نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہاگھبرانے کی ضرورت نہیں ،  قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں ، انسان کے ہاتھ میں کوشش ہے کامیابی اللہ دیتا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کے استقبال کیلئے وفاقی کابینہ کے ارکان کے علاوہ مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں، پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ایئر پورٹ پر پہنچی۔ایئرپورٹ کارکنوں سے کھچا کھچ بھرا تھا، چارجڈ کراؤڈنے دل کھول کر اپنے لیڈر کو داد دی ۔