Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کی اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت

وزیراعظم کی اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت
September 24, 2019
 نیو یارک (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔ عمران خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی بھی اجلاس میں شرکت ہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان سے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کی ملاقات ہوئی۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز پر ہوئی ۔ ملاقات میں دو طرفہ امور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان کی ایتھوپیا کی صدر صالح ورک زیوڈی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہم تعلقات بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نیویارک کے چوہترویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی آئیوری کوسٹ کے وزیر خارجہ مارسل آمون تاانو سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ورزیوں سمیت، دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان کے آئیوری کوسٹ سمیت دیگر افریقی ممالک کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں ۔ پاکستانی فورسز نے " افریقی ممالک کے جنگ زدہ علاقوں کے مکینوں کی زندگیوں کو معمول پر لانے کیلئے،اقوام متحدہ کے مختلف " امن مشنز "میں خدمات سرانجام دی ہیں ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویش ناک صورتحال اور ہندوستان کی جانب سے اٹھائے گئے یکطرفہ، غیر قانونی اقدامات کے سبب ہمارے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں ۔ مسئلہ کشمیر ان دیرینہ مسائل میں شامل ہے جو گذشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ شاہ محمود قریشی بولے ہمیں توقع ہے کہ آئیوری کوسٹ سلامتی کونسل کا رکن ہونے کے ناطے مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداروں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگا۔