Friday, April 19, 2024

وزیراعظم کی آئندہ چند ماہ تک گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنیکی ہدایت

وزیراعظم کی آئندہ چند ماہ تک گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنیکی ہدایت
March 12, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرلیا، آئندہ چند ماہ تک گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔ یہ بھی کہا کہ عام آدمی اور خصوصاً نچلے طبقے کو ہر ممکن ریلیف پہنچانے کی کوششیں مزید تیز کی جائیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آٹا، چینی و دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے بریفنگ میں بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں یکم جولائی 2019 میں اضافہ کیا گیا تھا اور اب اوگرا نے گیس قیمتوں میں چھ سے سات فیصد اضافے کی سفارش کی ہے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ چند ماہ تک گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کیا جائے۔ حکومتی معاشی ٹیم کو کہا کہ ٹارگیٹڈ سبسڈی اسکیم متعارف کیے جانے تک آٹے کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ غریب افراد کو آٹے کے حوالے سے براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے لئے مفصل پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کی بدولت آٹے کی خریداری کے حوالے سے معاشرے کے کمزور طبقوں کو حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کی مالی معاونت ہے تاکہ ان پر مہنگائی کا بوجھ ممکنہ حد تک کم کیا جا سکے۔

عمران خان نے کہا کہ آٹا بنیادی ضرورت ہے اس کی وافر اور مناسب قیمت میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے، مستقبل میں گندم کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتی و نجی شعبے کی جانب سے درآمد کے فیصلے بروقت لیے جانے کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ماہ رمضان کے لئے سات ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دی جا چکی ہے۔