Friday, May 10, 2024

حلیم عادل شیخ نے وزیراعظم کو سندھ میں بدامنی سے متعلق رپورٹ بھجوا دی

حلیم عادل شیخ نے وزیراعظم کو سندھ میں بدامنی سے متعلق رپورٹ بھجوا دی
May 27, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق حلیم عادل شیخ نے بارہ صفحات پر مشتمل رپورٹ وزیراعظم کوبھیج دی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ گذشتہ تین ماہ کے دوران سکھر اور لاڑکانہ ریجن میں دو سو پچاس سے زائد افراد قتل ہو چکے ہیں۔ قبائلی جھگڑوں کی وجہ سے تین ماہ میں تین سو سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ ستر سے زائد افراد اغوا ہو چکے ہیں جبکہ چار سو سے زائد ڈکیتیاں ریکارڈ ہوئی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کچے میں پولیس اے پی سی گاڑی میں گولیاں آرپار ہوئیں۔ مطالبہ کیا کہ نیب اور دیگر ادارے اس کی تحقیات کریں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے بعد پورے سندھ میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے۔ پیپلزپارٹی کے لوگوں کے کہنے پر پولیس افسران کو لگایا جاتا ہے۔ شکارپور کے سابقہ ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان نے جنوری دو ہزار بیس میں ایک رپورٹ پیش کی تھی۔ اس رپورٹ میں ڈاکووں کے سرپرستوں کے نام بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے ساتھ پکے کے ڈاکووں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اسمبلی میں موجود کچھ ایم این ایز ، ایم پی ایز ڈاکوئوں کی سرپرستی کرتے ہیں جن کے نام خفیہ ادارے فراہم کر چکے ہیں۔