Wednesday, May 1, 2024

وزیراعظم کو سب سے پہلے اپنا گھر ریگولر کرانا ہو گا ، چیف جسٹس

وزیراعظم کو سب سے پہلے اپنا گھر ریگولر کرانا ہو گا ، چیف جسٹس
October 16, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) بنی گالہ تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ وزیراعظم کو سب سے پہلے اپنا گھر ریگولر کرانا ہوگا۔ دوران سماعت وزیراعظم کے وکیل کا اپنے ہی ادارے سی ڈی اے پر عدم اطمینان کا اظہار سامنے آیا۔ بنی گالہ رہائشوں کی وکیل عائشہ حامد  نے  سپریم کورٹ کی عمارت کو ہی غیرقانونی قرار دے دیا۔ بنی گالہ تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کے دورا ن چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ منصف صرف عدالت نہیں بلکہ ہر شخص جس کے پاس سرکاری ذمہ داری ہے اس نے انصاف کرنا ہے۔ موجودہ علاقے کے ایم این اے کا بیان ہے کہ سابق حکومت نے بنی گالہ سے متعلق غلط رہنمائی کی۔ ایم این اے صاحب شاید اپنے ووٹ بینک کی وجہ سے ایسی بات کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس بولے اس کیس میں درخواستگزار عمران خان ہیں۔ اب انتظامیہ پر کنٹرول عمران خان کا ہے۔ حکومت نے 100 دنوں کے ایجنڈے میں راول ڈیم کو آلودہ پانی سے بچانے کیلئے کیا کیا گیا؟۔ حکومت کی کارکردگی دیکھنا چاہتا ہوں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ سب سے پہلا گھر وزیراعظم عمران خان کا ریگولر ہو گا۔ خود جرمانہ ادا کرنے کے بعد ہی عمران خان دوسروں کو کہنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کو لیز پر دی گئی اراضی کا دوبارہ معائنہ کرنے کی ہدایت کر دی اور قرار دیا عدالت لیز ہولڈرز کے نرخوں کا دوبارہ تعین کرے گی۔ دوسری طرف بنی گالہ میں تعمیرات ریگولر کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ سیکرٹری داخلہ سربراہی کریں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے، سیکرٹری ہاوسنگ، سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ، ڈی جی ای پی اے ممبران میں شامل ہیں۔ سپریم کورٹ نے کمیٹی کو 10 دن میں ریگولرائزیشن کا طریقہ کار وضع کرنے کا حکم دے دیا۔