Tuesday, April 23, 2024

وزیراعظم کو این آر او ملے گا نہ ڈیل اور نہ ہی ڈھیل، مریم اورنگزیب

وزیراعظم کو این آر او ملے گا نہ ڈیل اور نہ ہی ڈھیل، مریم اورنگزیب
October 17, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا وزیراعظم کو نہ این آر او ملے گا ، نہ ڈیل اور نہ ہی ڈھیل ملے گی۔ یہ لوگ اتنے نالائق ہیں کہ اپنا ایک بھی منصوبہ شروع نہیں کر سکے۔

مریم اورنگزیب نے کہا عمران صاحب نے وزیراعظم نوازشریف کے یوتھ پروگرام پر نئی تختی لگا کر ایک دفعہ پھر اپنے پچھلے تمام جھوٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ عمران صاحب آپ اتنے نالائق ہیں کہ آپ کو نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں کے نام اور تختیاں بدلنے میں بھی 14 مہینے لگے۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا جن منصوبوں کا کنٹینر پر کھڑے ہوکر مذاق اڑایا آج ان کی تختیاں بدل کر کارکردگی دکھائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا جو بھی پاکستان کیلئے آواز اٹھائے گا ہر جماعت اسکے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔

ادھر مولابخش چانڈیو بولے آزادی مارچ میں ساتھ دیں گے۔ پیپلزپارٹی کے کارکن تحریک انصاف والوں کی طرح حرکتیں نہیں کرتے۔ حکمران ملک کو تصادم کی طرف لے جا رہے ہیں ۔ وزیر اعظم کے وزراء ان کے دشمن ہیں۔

سراج الحق نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کرنے والی جماعتیں ماحول بھی بنائیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے استعفے دیئے تو ایوان نہیں چل سکیں گے۔ حکومت جے یوآئی کادھرنا نہ روکے۔

حاصل بزنجو رہنما نے اعلان کیا آزادی مارچ میں قوت سے حصہ لیں گے۔ جے یو آئی، عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی کی رائے تھی۔ اسمبلیوں میں نہیں جانا چاہئے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اس پر راضی نہ ہو سکیں۔

اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے آزادی مارچ کی حمایت ملنے کے بعد حکومتی حلقے پریشان ہیں جبکہ مولانا نے اس بات پر بھی غور شروع کردیا ہے کہ وہ مارچ کہاں سے شروع کریں۔