Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر لے کر جائیں گے، فردوس عاشق

وزیراعظم کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر لے کر جائیں گے، فردوس عاشق
August 6, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر لے کر جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا مشال ملک حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ ہیں۔ مقبوضہ وادی کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیر کی بہو ،  بیٹیاں  تحریک جدوجہد آزادی میں عظیم قربانیاں دے رہی ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کا ہر شہری کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے۔ کشمیریوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کی حیثیت  تبدیل کرکے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ پاکستان کسی صورت کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔ یاسین ملک اور دیگر کشمیری حریت پسندوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔ معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر اور پاکستان کو جدا نہیں کرسکتی۔ پاکستان بھارت کی مکروہ کاغذی کارروائی کو مسترد کرتا ہے ۔ خطے کا کوئی بھی ملک جارحانہ بھارتی اقدام کی حمایت نہیں کرتا ۔ مشال ملک کا کہنا تھا جب بھی ہم پر مشکل وقت آیا تو ڈاکٹر فردوس پہلے مدد کو پہنچیں ۔ وزیراعظم عمران خان کا کشمیری عوام کا مقدمہ لڑنے پر مشکور ہیں۔ وزیراعظم کے کامیاب دورہ امریکہ سے کشمیری عوام میں امید کی کرن جاگی۔ مشال ملک نے کہا بھارت نے کشمیری قیادت کو گرفتار کرکے مقبوضہ وادی کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ میرے شوہر یاسین ملک کو تہاڑ جیل  میں  موت کی کوٹھڑی میں رکھا  گیا ہے۔ مظلوم کشمیری عوام کی آواز پاکستان ہے۔ بھارت کو مقبوضہ وادی کے علاقے سے غرض ہے۔ مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر سلامتی کونسل میں اٹھایا جانا چاہیئے۔