Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم کابینہ اجلاس کی صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے کرینگے، اجلاس میں بجٹ اصلاحات کی منظوری دی جائیگی

وزیراعظم کابینہ اجلاس کی صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے کرینگے، اجلاس میں بجٹ اصلاحات کی منظوری دی جائیگی
May 30, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم قومی اقتصادی کونسل اور کابینہ کے اجلاس کی صدارت لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے کریں گے۔ لندن اور پاکستان میں ویڈیو لنک کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ فنانس بل کا مسودہ اور بجٹ دستاویزات بھی لندن پہنچا دی گئی ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں کل ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہو گی۔ وزیراعظم آئینی تقاضہ پورا کرنے کیلئے آج سوا پانچ بجے ویڈیو لنک کے ذریعے  قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت  کریں گے۔ اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔ اجلاس میں بجٹ اصلاحات کی منظوری دی جائے گی۔ وزیراعظم ساڑھے چھے بجے کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں بجٹ 2016-17 کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانس بل کا مسودہ اور بجٹ دستاویزات لندن پہنچا دی گئیں ہیں۔ وزیراعظم کابینہ کے بجٹ اجلاس سے پہلے دستاویزات کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر بجٹ میں کچھ تبدیلیاں بھی کی جاسکتی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم بجت دستاویزات پر دستخط کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن اور پاکستان میں ویڈیو لنک کے ذریعے وزیراعظم کے اجلاس سے خطاب کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ وزیراعظم آٖفس میں آئی ٹی ماہرین اور ویڈیولنک کمپنی کا عملہ ہر آدھے گھنٹے بعد لندن سے  رابطہ کر رہا ہے۔ کابینہ ہال کی چاروں سکرینوں کو ویڈیو لنک کا کنکشن دیا گیا ہے جبکہ بیک اپ میں سکائپ کا آپشن بھی رکھا گیا ہے۔