Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کا کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام تیرہ اکتوبر سے شروع کرنے کا اعلان

وزیراعظم کا کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام تیرہ اکتوبر سے شروع کرنے کا اعلان
October 8, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کو تیرہ اکتوبر سے باضابطہ طور پر شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ تحصیلوں کی سطح پر صفائی مقابلوں کے ذریعے انعامات تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے صفائی کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے اور ملک بھر میں پبلک ٹوائلٹس بنانے کا اعلان  بھی کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان نئی سوچ کا نام ہے ۔ کوڑا کرکٹ ایک جگہ پر جمع کرکے بجلی پیدا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے درختوں کی کٹائی کی، پنجاب میں جنگل ختم ہو گئے ہیں۔ پانچ سال میں 10 ارب درخت لگانے ہیں۔ میری آپ سب سے درخواست ہے کہ سارے اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی کمی کی وجہ ٹوئلٹس کا نہ ہونا ہے۔ پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشن کو ہدایت کی ہے کہ ٹوائلٹس کو صاف رکھیں۔ صفائی مہم کو مانٹیر کرنے کے لیے نوجوانوں کو نوکریاں بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا، سلیبرٹی اور اسپورٹس پرسنز کو اس مہم کے ایمبسڈرز بنائیں گے۔ مولوی حضرات سے بھی گزارش ہے کہ وہ مسجدوں میں صفائی کے اعلان کریں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 13 تاریخ کو اس مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ہر تحصیل میں مقابلہ کروایا جائے گا۔ جیتنے والے کو کیش پرائز بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ جو گندگی ہو گی اسکو بجلی میں تبدیل کرنا ہے۔ بچوں کے نصاب میں یہ چیزیں شامل کریں گے۔ پاکستان گلوبل وارمنگ میں نمبر سات میں ہے ۔ ہم نے لوگوں کی ذہینیت بدلنی ہے۔