Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کا چترال میں یونیورسٹی بنانے اور لواری ٹنل کی جلد تکمیل کا اعلان

وزیراعظم کا چترال میں یونیورسٹی بنانے اور لواری ٹنل کی جلد تکمیل کا اعلان
September 7, 2016
چترال (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے چترال میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں دل کی گہرائیوں سے آپ سے محبت کرتا ہوں۔ وزیراعظم کی حیثیت سے پہلے بھی چترال آیا اور 2018ءکے بعد بھی آوں گا۔ انہوں نے کہا خوشی ہے کہ چترال کے عوام اب اردو زبان سمجھتے ہیں۔ وزیراعظم نے چترالی عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے چترال میں یونیورسٹی کے قیام اور لواری ٹنل منصوبہ 2017ءتک مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی نگرانی میں چترال میں یونیورسٹی بنوائیں گے۔ چترال میں ایک نہیں کئی یونیورسٹیاں بنائیں گے۔ چترال والے لاہوریوں سے کم نہیں۔ انہوں نے چترال میں مختلف منصوبوں کیلئے 17 ارب روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم نے مخالفین کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کچھ لوگوں نے صرف نعرے لگوائے مگر کام نہیں کیا۔ چترال میں لوگ لواری ٹنل کے نام پر ووٹ مانگتے رہے۔ انہوں نے جون 2017ءتک لواری ٹنل منصوبہ مکمل کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا لواری ٹنل پر 27 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ لواری ٹنل منصوبہ کیلئے آئندہ برس آٹھ ارب روپے مزید دینگے۔ اس موقع پر انہوں نے چترالی عوام کو سلام بھی پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا وہ 2018ءکے الیکشن کے بعد پھر چترال آئیں گے۔ انہوں نے کہا وہ مخالفانہ بیانات کا نوٹس نہیں لیتے۔ سیاسی مخالفین کو جواب عوام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین کو بھی ملکی ترقی میں حصہ ڈالنے کی پیشکش کر ڈالی۔ وزیراعظم نے کہا چترال میں 108 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ اگلے سال مکمل ہو گا۔ انہوں نے 100 دیہات کو بجلی فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔