Friday, April 19, 2024

وزیراعظم کا پی ٹی آئی جلسہ میں خواتین سے بدتمیزی کا نوٹس‘ ملزموں کی گرفتاری کا حکم

وزیراعظم کا پی ٹی آئی جلسہ میں خواتین سے بدتمیزی کا نوٹس‘ ملزموں کی گرفتاری کا حکم
May 4, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے نائنٹی ٹو نیوز کی خبر کا نوٹس لے لیا اور تحریک انصاف کے جلسے میں خواتین کارکنوں سے بدتمیزی پر پنجاب حکومت کو ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز نے یکم مئی کے افسوس ناک معاملے کو سب سے پہلے اٹھایا۔ تفصیلات کے مطابق نائنٹی ٹونیوز تحریک انصاف کی خواتین کارکنوں پر تشدد کرنے والے ان درندوں کے مکروہ چہرے اپنی سکرین پر لایا جس کا وزیراعظم نوازشریف نے فوری نوٹس لیا اور وزیراعلی پنجاب کو افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ عبدالعلیم خان نے الزام لگایا ہے کہ ملزم خواتین کارکنوں پر تشدد کر رہے تھے جبکہ موقع پر موجود پولیس اہلکار ٹس سے مس نہ ہوئے اور خاموشی سے تماشا دیکھتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واقعے کو سیاسی رخ نہیں دینا چاہتی اور کسی کو انتقام کا نشانہ بنانے کے بجائے حقیقی ملزموں کی گرفتاری چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں کسی کے اعتراضات ہیں تو وہ پارٹی سے رابطہ کر سکتا ہے۔ تحریک انصاف کے یکم مئی کے جلسے میں خواتین کارکنوں کے ساتھ انتہائی شرمناک سلوک کیا گیا۔ تہذیب اور اخلاقی قدروں سے ناآشنا۔ بدتہذیبوں نے ایسی بدتمیزی اور بربریت دکھائی کہ اس پر انسانیت بھی شرما گئی تھی۔ نائنٹی ٹو نیوز اس واقعے کی فوٹیج منگل کو سامنے لایا۔ اس سلسلے میں واٹس اپ نمبر 03331920140 بھی دیا گیا جس پر ناظرین ان ملزموں سے متعلق معلومات دے سکتے ہیں۔