Friday, April 19, 2024

وزیراعظم کا پورے آزاد کشمیر کو ہیلتھ کارڈ دینے کا اعلان

وزیراعظم کا پورے آزاد کشمیر کو ہیلتھ کارڈ دینے کا اعلان
December 18, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پورے آزاد کشمیر کو ہیلتھ کارڈ دینے کا اعلان کردیا۔ تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی ترقی یافتہ ممالک میں بھی یونیورسل ہیلتھ سسٹم نہیں، فلاح کے کام ریاست مدینہ سے کرنے آئے، ریاست فلاحی کام کرے تو خوشحالی آتی ہے، پاکستان کو فلاحی ریاست بناؤں گا۔

اُنہوں نے کہا کہ آج سے 35 برس قبل میں نے شوکت خانم اسپتال بنانے کا فیصلہ کیا، میں نے اپنے گھر میں کینسر جیسے مرض کو دیکھا، اسپتال بنانے کا مقصد یہ تھا کہ جس کو کینسر ہواس کو یہ فکر نہ ہو کہ اس کے پاس پیسے نہیں، اسپتال بننے کے بعد میری سب سے بڑی خوشی یہ تھی کہ مستحق لوگوں کو ایک ہی طرح کا علاج ملتا ہے۔ میں نے سوچا تھا کہ اگر موقع ملا توایسا نظام لاؤں گاکہ لوگ پیسوں کے بغیربھی علاج کروا سکیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج ہم آزاد جموں کشمیر میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کر رہے ہیں، پنجاب حکومت کی کوشش ہے کہ 2021ء کے آخر تک ہر خاندان کے پاس ہیلتھ کارڈ ہو۔ آج آزاد کشمیر میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کرتے ہوئے اس لئے اچھا محسوس ہورہا ہے کہ دوسری طرف کے کشمیریوں کو پتہ چلے کہ ہم آزاد کشمیر کیلئے کیا کر رہے ہیں۔ آج مقبوضہ کشمیر کے لوگ ظلم و جبر کا شکار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ایک فاشسٹ حکومت قابض ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ڈنمارک، سویڈن اور نارروے ایک مکمل فلاحی ریاستیں ہیں، یہ فلاحی ریاستیں شہریوں کیلئے کام کرتے ہیں تو خوشحالی آتی ہے۔ لوگ یہاں تک کہتے آئے کہ پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنادوں گا، لاہور کو پیرس بنادوں گا، میں کہتا ہوں کہ پاکستان کو میں ایک فلاحی ریاست بنادوں گا۔