Sunday, September 8, 2024

وزیراعظم کا پنجاب کے سرحدی علاقوں میں آپریشن کا حکم‘ ریڈزون میں مظاہرین کے داخلے پر برہم

وزیراعظم کا پنجاب کے سرحدی علاقوں میں آپریشن کا حکم‘ ریڈزون میں مظاہرین کے داخلے پر برہم
March 28, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیر اعظم نے سانحہ لاہور کی شدید مذمت کی ہے۔ وہ آج لاہور میں زخمیوں کی عیادت کریں گے۔ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ سانحے پر ان کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ وزیر اعظم نے ریڈ زون میں مظاہرین کے داخلے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت میں ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے چار گھنٹے طویل اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چوہدری نثار، اسحاق ڈار اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور دہشت گردی کے واقعے کے بعد سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر حال میں دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔ سانحہ لاہور میں ان کے بچوں اور بہن بھائیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ وزیر اعظم کو سانحہ لاہور پر ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پارک کے اندر اور گیٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے نہیں تھے۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد میں مظاہرین کے ریڈ زون میں داخل ہونے پر اظہار برہمی کیا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ چار ہزار پولیس اور رینجرز اہلکار اسلام آباد میں تعینات تھے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں داخلے کے کسی بھی مقام پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مظاہرین کو کیوں نہیں روکا۔ دوسری جانب اسلام آباد کے واقعات کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس کے سربراہ آئی جی خالد خٹک نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ اگر مظاہرین کو فیض آباد روک لیا جاتا تو وہ ریڈ زون تک نہ پہنچ پاتے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد سمیت اعلیٰ افسروں کو تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔