Tuesday, April 23, 2024

وزیراعظم کا وزیراعلیٰ کو ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھرپور کارروائی کا حکم

وزیراعظم کا وزیراعلیٰ کو ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھرپور کارروائی کا حکم
July 18, 2019
 لاہور (92 نیوز) پنجاب میں ذخیرہ اندوز اب نہیں بچیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھرپور کارروائی کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کی۔ وزیر اعلی پنجاب نے وزیراعظم کو پنجاب حکومت کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم نے وزیراعلی پنجاب کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے، مہنگائی پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ وزیراعظم پاکستان سے ملاقات میں گورنر پنجاب نے آب پاک اتھارٹی اور صوبے کے انتظامی امور پر بریف کیا۔ گورنر پنجاب نے کرتار پور راہداری اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات پر وزیراعظم کو رپورٹ بھی پیش کی۔ وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ اور لاہور چیمبر آف کامرس کے نمائندگان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے نمائندگان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ نمائندگان سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف صحت کارڈ کا دائرہ کار صوبے کے پسماندہ علاقوں میں مزید بھی بڑھایا جائے گا۔ لاہور میں مصروفیات نمٹانے کے بعد وزیراعظم واپس اسلام آباد چلے گئے۔