Sunday, May 5, 2024

وزیراعظم کا نومنتخب ایرانی صدر کو فون، افغانستان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار

وزیراعظم کا نومنتخب ایرانی صدر کو فون، افغانستان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار
July 5, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نو منتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو فون کر کے کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے افغانستان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

عمران خان نے کہا افغانستان سے پاکستان اور ایران پناہ گزینوں کی آمد متوقع ہے، پناہ گزینوں کی آمد پاکستان اور ایران کیلئے سنگین خطرہ پیدا کر سکتی ہے۔

وزیراعظم نے  افغانستان میں تنازع کے مذاکرات کیلئے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا اور سیاسی تصفیے کی سہولت کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاک ایران سیاسی قیادت نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دو طرفی معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور

مسئلہ کشمیر پر ایران کی مستقل حمایت پر صدر رئیسی کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعات کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک ایران سرحد کے ساتھ سرحدی منڈیوں کے قیام کو معاشی اور معاشرتی لحاظ سے اہم اقدام قرار دیا۔