Thursday, April 18, 2024

وزیراعظم کا لاہور کا دورہ ، مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ لی

وزیراعظم کا لاہور کا دورہ ، مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ لی
October 28, 2020
 لاہور (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے لاہور کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں گورننس کے معاملات اور مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ لی۔ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب نے اسموگ، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی نے کابینہ کارکردگی، اشیا ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب میں صنعتی ترقی بالخصوص سیمنٹ کی صنعت کی ترویج و ترقی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی ۔ وزیر اعظم عمران خان کو پنجاب میں صنعتی ترقی کے ضمن میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ پنجاب میں صحت کارڈ کے اجرا اور تقسیم پر بھی وزیراعظم کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے صحت کے شعبے کی ترقی اور عوام کو صحت کی بنیادی سہولت کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔ ریور راوی پراجیکٹ پنجاب حکومت اور ریور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے سمجھوتے پر دستخط کرنے کی تقریب بھی ہوئی۔ معاہدے کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت بھی شریک تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایک اجلاس میں صوبے میں اسموگ سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب میں الیکٹرک رکشے اور گاڑیاں چلانے کی تجویز پر اصولی اتفاق، بائیو گیس پلانٹ لگانے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ سات نومبر سے روایتی بھٹہ خشت بند کر دیئے جائیں گے جبکہ زگ زیگ ٹیکنالوجی سے چلنے والے بھٹے چلتے رہیں گے۔