Wednesday, May 15, 2024

وزیراعظم کا فیصل آباد کا دورہ ، صنعتکاروں کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

وزیراعظم کا فیصل آباد کا دورہ ، صنعتکاروں کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
November 18, 2020
 فیصل آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور صنعتکاروں کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیر اعظم فیصل آباد ایئرپورٹ آمد کے بعد نجی ہوٹل پہنچے تو صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس احتشام جاوید کی زیر قیادت صنعتکاروں سے ملاقات کی اور ان سے مسائل دریافت کئے۔ چیف پیٹرن پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپوٹرز ایسوسی ایشن خرم مختار کے مطابق وزیر اعظم نے دھاگے کی درآمدی ڈیوٹی پر 5 فیصد ریلیف دینے کا فیصلہ کیا۔ صنعتکاروں کو ٹیکس ریفنڈز بھی ملیں گے۔ ایکسپورٹرز نے مسائل سامنے رکھے تو وزیر اعظم نے اولڈ ایج بینیفٹ اور سوشل سکیورٹی کے چھاپے ختم کرنے کا مطالبہ تسلیم کر لیا۔ وزیر اعظم نے جدید طرز کا نیا ایئرپورٹ بنانے پر بھی آمادگی ظاہر کی جس کیلئے 50 فیصد فنڈز وفاق، 10 فیصد صوبائی حکومت ، 40 فیصد اخراجات صنعتکار برداشت کریں گے۔ فیسکو سے متعلق مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم نے اسد عمر، حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال پر مشتمل کمیٹی بنا دی اور صنعتکاروں کو اگلے ہی روز اسلام آباد بلا لیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر انڈرپاس، لنگرخانہ اور لائلپور کمپلیکس کے منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ 300 بیڈز کے نئے اسپتال کے قیام اور الائیڈ اسپتال کی اپ گریڈیشن کی بھی منظوری بھی دی۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ اسلامی اسمِ خطاطی نمائش دیکھی جہاں کیلی گرافر قمر سلطان نے وزیراعظم کو پاکستان کے پرچم پر لکھے مکمل قرآن کا تحفہ بھی پیش کیا۔