Tuesday, May 14, 2024

وزیراعظم کا سٹیزن پورٹل پر سرکاری افسران کو کمزور طبقہ کی شکایات درج کرنیکا حکم

وزیراعظم کا سٹیزن پورٹل پر سرکاری افسران کو کمزور طبقہ کی شکایات درج کرنیکا حکم
October 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر سرکاری افسران کو کمزور طبقہ کی شکایات درج کرنے کا حکم دیدیا۔ وزیراعظم نے کمزور طبقے اور بے سہارا افراد کیلئے بڑا اقدام اُٹھا لیا، وزیراعظم کی ہدایت پر ملک کا سب سے بڑا شکایات کا نظام مکمل فعال ہوگیا، تمام صوبوں میں سٹیزن پورٹل پر افسران کے آٹھ ہزار864 ڈیش بورڈز کو ذمہ داری تفویض کردی گئی۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے ملک بھر کے 8864 سے زائد سرکاری دفاتر کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔ سرکاری افسران کو اپنے ڈیش بورڈز سے کمزور طبقہ کی شکایات درج کرنے کا حکم صادر کیا گیا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے سرکاری افسران کو بزرگ شہریوں، بیوہ خواتین، معذور افراد کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا منشور عوام کی عملی خدمت کرنا ہے، سرکاری اداروں کو عوام کی خدمت کے لیے ہر صورت پابند بنایا جائے، گورننس سسٹم کی بہتری عوام اور سرکاری اداروں کے مابین بہتر راوبط سے مشروط ہے۔ پی ایم ڈلیوری یونٹ نے سرکاری اداروں کو ضابطہ اخلاق بھی ارسال کردئیے، تمام وفاقی سیکرٹریز،چیف سیکرٹریز، آئی جیز کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق ضرورت مند شہریوں کو اپنی شکایات کیلئے متعلقہ ادارے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کسی بھی قریبی سرکاری دفتر میں عملہ شہری کی شکایات درج کرنے کا پابند ہو گا۔ سرکاری ادارے شہری کی شکایت فوری متعلقہ محکمہ کو بھیجنے کے پابند ہوں گے۔ مختلف علاقوں میں موبائل، انٹرنیٹ سہولت نہ ہونے کے باعث فیصلہ کیا گیا، شہریوں کو سہولت سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے۔