Thursday, March 28, 2024

وزیراعظم کا سعودی شہزادے محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ ، کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کا سعودی شہزادے محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ ، کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال
August 7, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بھارت کی طرف سے خطے کا امن داؤ پر لگانے پر وزیراعظم عمران خان متحرک ہو گئے ، عالمی رہنماؤں سے رابطوں کا سلسلہ بڑھا دیا ۔  کپتان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کوٹیلی فون کیا اور مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کے خاتمے،کشمیریوں پرمظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،سعودی ولی عہد نے کہا کہ وہ کشمیرایشو پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم نے ترک صدر اور ملائیشین وزیراعظم سے رابطہ کرکے بھی کشمیرکے معاملے سے آگاہ کیا تھا۔ ادھراقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی  نے سکیورٹی کونسل کی صدر جوانا وورنیکا سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ وادی  سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ ملیحہ لودھی نے سکیورٹی کونسل کی صدر کو بھارت کے غیر قانونی اقدام سے خطے کے امن کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔