Wednesday, May 8, 2024

وزیراعظم کا زلزلہ زدگان کیلئے امدادی پیکج‘ جاں بحق ہونےوالوں کے لواحقین کو 6لاکھ روپے دیے جائینگے

وزیراعظم کا زلزلہ زدگان کیلئے امدادی پیکج‘ جاں بحق ہونےوالوں کے لواحقین کو 6لاکھ روپے دیے جائینگے
October 28, 2015
پشاور (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے زلزلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس چھ لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے جبکہ زلزلے میں تباہ ہونیوالے گھروں کے مالکان کو دو لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ زلزلہ متاثرین کی بحالی میں سیاست نہیں ہونی چاہیے‘ وزیراعظم نواز شریف باربار پرویز خٹک کی کارکردگی کی تعریف کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں 208 اور فاٹا میں 29 افراد زلزلے میں جاں بحق ہوئے۔ زلزلے کے بعد پاک فوج‘ صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے زلزلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس چھ لاکھ روپے‘ تباہ ہونیوالوں گھروں کے لیے دو لاکھ‘ معذور ہونیوالوں کے لیے دو لاکھ اور زخمی ہونیوالے افراد کے لیے ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی امداد پیر سے شروع کردی جائیگی۔ متاثرین کو امدادی رقم چیک کے ذریعے دی جائیگی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی میں سیاست نہیں ہونی چاہیے‘ مشکل کی اس گھڑی میں مل کر ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔