Saturday, May 11, 2024

وزیراعظم کا دورہ کراچی ملتوی، گورنرسندھ کو اسلام آباد طلب کر لیا

وزیراعظم کا دورہ کراچی ملتوی، گورنرسندھ کو اسلام آباد طلب کر لیا
August 12, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا آج ہونے والا دورہ کراچی ملتوی ہو گیا۔ عمران خان نے گورنر سندھ کو اسلام آباد طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی مصروفیات کے باعث آج ہونے والا دورہ کراچی منسوخ ہوا۔ عمران خان نے آج کراچی کا ایک روزہ دورہ کرنا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو اسلام آباد بلا لیا۔ گورنر سندھ کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کے نقصان، ریلیف سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں بارے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے۔ دوسری جانب وزیر اعظم اور بل گیٹس کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں کوویڈ 19، اور پولیو مہم کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی انتہائی مؤثررہی۔ کورونا کے دوران بل گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے پاکستان کو مدد ملی۔ پولیو کے لئے قائم انفراسٹرکچر سے کورونا کا مؤثر مقابلہ کیا۔ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومتی اقدامات سے صحت اور معیشت کے شعبوں کو بڑی تباہی سے بچایا۔ بل گیٹس کا کہنا تھا پولیو کے خاتمے کیلئے مہم کا دوبارہ آغاز حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان نے کورونا سے مقابلے کے دوران پسماندہ طبقات کی مؤثر دیکھ بھال کی ۔ کورونا وبا سے مقابلے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔