Sunday, May 12, 2024

وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب مکمل ، امریکا روانہ ہو گئے

وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب مکمل ، امریکا روانہ ہو گئے
September 21, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کرنے کے بعد امریکا روانہ ہو گئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، عبدالحفیظ شیخ اور زلفی بخاری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر اعلیٰ سعودی حکام، پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز اور دیگر نے رخصت کیا۔

 وزیراعظم عمران خان 27 ستمبرکو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کریں گے۔

 وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب کے دوران وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔ عمران خان اور وفد کیلئے خانہ کعبہ کا دروازہ کھول دیا گیا۔ وزیراعظم نے وفد کے ہمراہ بیت اللہ میں نوافل ادا کئے۔ وزیراعظم نے مکہ مکرمہ میں نماز جمعہ بھی ادا کی۔

 عمرے کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم مدینہ منورہ پہنچے اور روضہ رسولﷺ پر حاضری دی۔ ریاض الجنہ میں خصوصی نوافل ادا کئے۔ ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔ وزیراعظم کیلئے حجرہ روضہ رسولﷺکھول دیا گیا۔

 وزیر اعظم نے دورہ سعودی عرب کے دوران شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان سے تعلقات کو حقیقی بھائیوں جیسا قرار دیا اور کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

 دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تفصیل جاری کر دی۔ عمران خان 21  سے 27 ستمبر تک جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کی درجنوں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔