Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کا دس دسمبر کو میٹرو اورنج لائن ٹرین ہارڈ ٹیسٹ کے طور پر چلانے کا اعلان

وزیراعظم کا دس دسمبر کو میٹرو اورنج لائن ٹرین ہارڈ ٹیسٹ کے طور پر چلانے کا اعلان
December 1, 2019
 لاہور (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے دس دسمبر کو صوبائی دارالحکومت لاہور میں میٹرو اورنج لائن ٹرین ہارڈ ٹیسٹ کے طور پر چلانے کا اعلان کر دیا۔ میٹرو اورنج لائن منصوبے کا ہاتھی تو نکل گیا لیکن اس کی دم پنجاب حکومت کے لئے چیلنج بن گئی۔ میٹرو اورنج ٹرین روٹ پر فراٹے بھرنے کو تیار لیکن حکام کی جانب سے تاریخ پر تاریخ دی جا رہی ہے۔ ہارڈ ٹیسٹ کے طور پر ٹرین چلانے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دس دسمبر کی تاریخ دی گئی ہے۔ اس سے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے اٹھائیس اکتوبر کو میٹرو اورنج لائن ٹرین چلانے کا اعلان کیا گیا لیکن موصوف کی مصروفیات کے باعث لاہوریوں کی نظریں منتظر ہی رہیں اور ٹرین نہ چل سکی۔ ماہرین کے مطابق ہارڈ ٹیسٹ یعنی ٹرین کو بجلی سے پورے روٹ پر تین ماہ تک چلایا جائے گا جس سے ٹریک کی مضبوطی اور دیگر تکنیکی معاملات کو دیکھا جا سکے گا۔ میٹرو اورنج لائن ٹرین چلانے اور اس کی مرمت کی ذمہ داری غیر ملکی کمپنیوں کو دی گئی جن کو آٹھ سال میں بیالیس ارب روپے دیے جائیں گے۔ میٹرو اورنج لائن ٹرین پر سفر کرنے کے لئے لاہوری بے تاب ہیں کہتے ہیں اللہ کرے اس بار ٹرین چل جائے،کہیں حکومت دوبارہ یو ٹرن نہ لے لے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اورنج لائن کے ہارڈ ٹیسٹ کے حوالے سے متعدد بار وقت دیا گیا لیکن کبھی وزیر اعلیٰ نے وقت نہ دیا تو کبھی ناگزیر وجوہات کا نام لے کر ٹال دیا گیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا دس دسمبر کو ٹرین چل سکے گی یا پھر نئی تاریخ ملے گی۔