Thursday, May 9, 2024

وزیراعظم کا خالد صدیقی سے رابطہ ، ملاقات کیلئے اسلام آباد بلا لیا

وزیراعظم کا خالد صدیقی سے رابطہ ، ملاقات کیلئے اسلام آباد بلا لیا
January 13, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے خالد صدیقی سے رابطہ کیا اور ملاقات کیلئے اسلام آباد بلا لیا۔ اسد عمر نے بھی متحدہ کو پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اسٹرٹیجی کمیٹی کے اجلاس  میں ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اتحادی جماعتوں کے تحفظات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم ہماری قریبی اور با اعتماد اتحادی جماعت ہے۔ ان کے تمام جائز مطالبات کو حل کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کو دوبارہ وفاقی کابینہ میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی کو ملاقات کے لیے آج اسلام آباد بلا لیا۔ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے پرویز مشرف سے متعلق فیصلے سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس میں  نواز شریف کی سوشل میڈیا پر آنے والی تصویر کا بھی تذکرہ کیا۔ وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت کامرس ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس  بھی ہوا۔ اجلاس  میں وزیرِاعظم کو ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم نے کہا ای کامرس پالیسی اور نیشنل ٹیرف پالیسی پرعمل درآمد کیلئے حکمت عملی کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ برآمدات بڑھانے کے ضمن میں اہداف مقرر کیے جائیں۔ مقرر کردہ اہدف کا سہ ماہی اور ششماہی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تاکہ انکے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔