Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کا توہین رسالت کیخلاف مسلم ممالک سے مل کر مہم چلانے کا اعلان

وزیراعظم کا توہین رسالت کیخلاف مسلم ممالک سے مل کر مہم چلانے کا اعلان
April 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کا توہین رسالت کے خلاف مسلم ممالک سے مل کر مہم چلانے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں ٹی ایل پی اور ہمارا مقصد ایک، طریقہ کار الگ ہے، توہین رسالت کسی صورت برداشت نہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں پالیسی بیان میں کہا، ہمارا ملک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا، ہمارا ملک واحد جو اسلام کے نام پر بنا، ناموس رسالت کے معاملے پر مسلم ملکوں سے مل کر مہم چلائیں گے، مغربی ممالک کو سمجھانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا، پچھلے ہفتے افسوسناک حالات ہوئے، ایک جماعت کو ایسا لگا جیسے ان کو نبیﷺ سے باقی پاکستانیوں سے زیادہ پیار ہے۔ حکومت دو اڑھائی ماہ سے کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کر رہی تھی، ہم معاملے کو اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کرچکے تھے۔ انہوں نے ملک گیرمظاہروں کا فیصلہ کیا جس کے بعد یہ سب کچھ ہوا۔ جب سے حکومت میں آئے ہیں یہی کوشش رہی کہ دنیا میں کہیں گستاخی نہ کی جائے۔ ٹی ایل پی اور ہمارا مقصد ایک ہی ہے، دنیا میں کہیں بھی نبیﷺ کی گستاخی ہوتی ہے تو تکلیف ہوتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، کیا فرانس کے سفیر کو واپس بھیجنے سے سب کچھ رک جائے گا؟، کیا کوئی گارنٹی ہے کہ فرانس کے سفیر کو بھجوانے سے دوبارہ کہیں ایسا نہیں ہو گا؟۔ میں مغرب کو جانتا ہوں، یہ آزادی رائے کے نام پر مزید کچھ کریں گے۔ فرانس کے سفیر کو بھجوانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا تاہم پاکستان کو ضرور فرق پڑے گا، فرانس کے سفیر کو واپس بھجوانے سے پاکستان کا یورپی یونین سے تعلق خراب ہوگا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا، معیشت اوپر اٹھ رہی ہے، روپیہ مضبوط ہو رہا ہے، اس کو نقصان نہ پہنچائیں۔ اب تک 40 پولیس کی گاڑیوں کو جلا دیا گیا، 4 پولیس اہلکار شہید 800 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن اور ن لیگ انتشار پھیلانے کیلئے ان کے ساتھ مل گئے ہیں۔