Saturday, May 11, 2024

وزیراعظم کا بڑا فیصلہ، میرا بچہ الرٹ کے نام سے خصوصی ایپلی کیشن بنانے کا حکم

وزیراعظم کا بڑا فیصلہ، میرا بچہ الرٹ کے نام سے خصوصی ایپلی کیشن بنانے کا حکم
October 1, 2019
اسلام اباد (92 نیوز) بچوں کے اغوا، گمشدگی کے واقعات کے سدباب کیلئے وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا۔ میرا بچہ الرٹ کے نام سے خصوصی ایپلی کیشن بنانے کا حکم دے دیا۔ ملک بھر میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کا تدارک کرنے کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان نے ‘میرا بچہ الرٹ’ کے نام سے خصوصی ایپ بنانے کا حکم دے دیا ۔ ایپ پر کوائف کا اندراج کرنے پر تمام تفصیلات صوبوں کے آئی جیز اور دیگر سینیئر افسران تک فوری طور پر پہنچ جائیں گی ۔ میرا بچہ الرٹ’ پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک ہو گا تا کہ کسی بھی واقعے میں بچے کی برآمدگی اور کیس پر پیش رفت پر نظر رکھی جا سکے۔ کابینہ کے اجلاس میں وزیرِاعظم نے بتایا کہ بچوں کے ساتھ  غیر اخلاقی اور ناخوشگوار واقعات کے کیس کی تحقیقات میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے  جس کے نتیجے میں ایسے مکروہ فعل میں ملوث دیگر ملزمان تک پہنچنے میں مدد ملے گی ۔ وزیراعظم نے کہا بچوں سے متعلقہ کئی نا خوشگوار واقعات کو معاشرتی و دیگر وجوہات کی بنا پر سامنے نہیں لایا جاتا ۔ موجودہ حکومت وہ تمام اقدامات اٹھائے گی جس سے معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے  اور ایسے مکروہ اور بھیانک جرائم میں ملوث افراد کو سخت ترین سزائیں دلوائی جا سکیں ۔