Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کا براڈشیٹ کے ساتھ سرے محل اور حدیبیہ پیپر ملز کیس کی بھی تحقیقات کا اعلان

وزیراعظم کا براڈشیٹ کے ساتھ سرے محل اور حدیبیہ پیپر ملز کیس کی بھی تحقیقات کا اعلان
January 27, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے براڈشیٹ کے ساتھ سرے محل اور حدیبیہ پیپر ملز کیس کی بھی مکمل تحقیقات کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ عمران خان نے پارٹی اجلاس میں کہا پی ڈی ایم عملی طور پر ختم ہو چکی ہے۔ اپوزیشن الیکشن کمیشن میں حکومت کو پھنسانا چاہتی تھی لیکن خود پھنس گئی۔ جلسوں پر پورا زور لگایا مگر عوام ان کے ساتھ نہیں۔ اپوزیشن ہمارے لئے کوئی سنجیدہ مسئلہ نہیں رہی۔ وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو عوام سے رابطوں کی ہدایت کر دی۔

حکومتی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ نے حلقوں کے مسائل سے متعلق سوالات کیئے۔ وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا اعلان کر دیا اور کہا اگلے سال سے ارکان پارلیمنٹ کو 50 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے جائیں گے۔

 اجلاس میں کراچی کے ارکان پارلیمنٹ نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں تاخیر پر سوالات کیئے۔ وزیراعظم نے کہا پہلی دفعہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے۔ کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ صوبائی حکومت ساتھ دے نہ دے، ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔