Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کا این ٹی آر سی ہری پور کا دورہ، وینٹی لیٹرز حوالے کیے

وزیراعظم کا این ٹی آر سی ہری پور کا دورہ، وینٹی لیٹرز حوالے کیے
July 6, 2020
ہری پور (92 نیوز) وزیراعظم کا این ٹی آر سی ہری پور کا دورہ کیا، وینٹی لیٹرز کی تیاری پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے وینٹی لیٹرز این ڈی ایم اے حکام کے حوالے کیے۔ این ٹی آر سی ہری پور کے دورہ پر فواد چودھری، عمر ایوب، ڈاکٹر فیصل سلطان اور چیئرمین این ڈی ایم اے وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، اپنے لوگوں کی فنی مہارت کے ذریعے خود انحصاری کی منازل طے کریں گے۔ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے تمام منصوبوں میں تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء پر قابو پانے کے لیے ہماری حکمت عملی کامیاب رہی ہے، اب ہماری توجہ طبی شعبے کی جامع اصلاحات پر ہے، اسمارٹ لاک ڈائون کے ذریعے معیشت کو بحال رکھنے کی حکمت عملی کو وسیع پیمانے پر سراہا جارہا ہے، نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر خود انحصاری کی منازل طے کریں گے۔ دوسری طرف نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن پاکستان میں انقلاب برپا کرنے والا ادارہ بن گیا۔ انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، سکیورٹی اور الیکٹرانک وار فئیر میں جدت کا مرکز این آر ٹی سی کئی اہم کامیابیاں حاصل کر چکا ہے۔ انٹیلی جنس، بم ڈسپوزل روبوٹس، سائبر سیکورٹی میں ٹیکنالوجی کے ساتھ کامیابی این آر ٹی سی کی نمایاں کامیابیاں ہیں۔ این آر ٹی سی انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار سٹینڈرڈز سے تصدیق شدہ عالمی معیار کا ادارہ ہے۔ این آر ٹی سی نے سیف سٹی منصوبے میں بھی انتہائی کلیدی کردار ادا کیا، نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ملکی و غیر ملکی اشتراک عمل سے کام کر رہا ہے۔ این آر ٹی سی، وطن عزیز کیلئے قیمتی زرمبادلہ کے حصول، ذخائر میں متواتر اضافے کا سبب ہے۔