Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کا امریکا کا تاریخی دورہ ، سوشل میڈیا پر کپتان کی دھوم مچ گئی

وزیراعظم کا امریکا کا تاریخی دورہ ، سوشل میڈیا پر کپتان کی دھوم مچ گئی
July 22, 2019
لاہور  ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کے  امریکا کے تاریخی دورے کی سوشل میڈیا پر  دھوم مچ گئی ، ٹاپ ٹرینڈ پر پاکستان کے عظیم رہنما نے قبضہ جما لیا ، واشنگٹن آمد سے لے کر کیپٹل ون ایرینا میں ہونے والا جلسہ ، ہر مصروفیت کی تصاویر اور ویڈیوز  صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئیں ، غیر ملکی میڈیا نے اپنی خبروں کی زینت بنایا، شوبز شخصیات اور کھلاڑی بھی پیچھے نہیں رہے۔ وزیراعظم عمران خان کی دورہ امریکا کے دوران  سادگی کی عظیم مثال نے ہر محب وطن کے دل جیت لیے ، واشنگٹن کے کیپٹل ون ایرینا میں عالی شان جلسہ ہوا، تو امریکی فضا پاکستانی نعروں سے گونج اٹھی۔ کپتان کا جلسہ سوشل میڈیا پر بھی بے حد مقبول ہوگیا، جلسے سے متعلقہ ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈز بن گئے ، جس کے ذریعے صارفین جلسے کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کررہے ہیں۔ صارف معیز عبداللہ خان نے لکھا کہ وہ بہت جذباتی  ہوگئے ہیں، ان کی آنکھوں میں آنسو ہیں، اللہ اس ملک کی تقدیر بدل دے ۔ انیلا خواجہ نے ویڈیو شیئر کرتے لکھے حیران کن، اوورسیز پاکستانی عمران خان کیلئے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں۔ سید فیاض علی نے  جلسے کے مناظر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ  ماشاللہ  ،ایسے مناظر امریکیوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھیں ہونگے۔ زوہیب خان لکھتے ہیں خدا نے سیلیکٹ کیا، عوام نے منتخب کیا، یہ شخص دنیا کو تسخیر کرنے کے مشن پر ہے۔ شازیہ جے نے ویڈیو شیئر کرتے لکھا اتنا بڑا پرجوش ہجوم،  یوں محسوس ہورہا ہے ریلی امریکا نہیں پاکستان میں ہورہی ہے۔ کپتان کے امریکی سرزمین پر عظیم الشان جلسے کو غیرملکی میڈیا پر بھی خوب پذیرائی ملی، گلف نیوز نے لکھا کہ تیس ہزار، پاکستانی امریکیوں کے سب سے بڑے مجمعے نے عمران خان کو خوش آمدید کہا۔ گلف ٹوڈے نے لکھا کہ عمران خان پہلے پاکستانی وزیراعظم بن گئے ہیں جنہوں نے امریکا کے دل میں اتنا مجمع اکٹھا کیا۔ شوبز شخصیات اور سابق کھلاڑیوں نے بھی عمران خان کے جلسے کو ٹویٹر کی زینت بنایا ہے، فخر عالم لکھتے ہیں عمران خان بلاشبہ سیلیکٹڈ وزیراعظم ہیں، انھیں اللہ تعالٰی نے سیلیکٹ کیا، پاکستان کی عوام نے سیلیکٹ کیا، ان پاکستانیوں نے سیلیکٹ کیا جو تبدیلی چاہتے ہیں۔ ماہرہ خان نے لکھا ، امید ہے، ہم اس پاکستان  کو دیکھنے کیلئے زندہ ہوں جس کا خواب آپ نے ہمیں دیکھایا۔ سابق کرکٹر وقار یونس نے عمران خان کو مخاطب کرتے لکھا آپ ایک لیجنڈ سکیپر ہو، کیا ہجوم ہے، پاکستان کی تاریخ میں کوئی وہ حاصل  نہیں کرسکا جو آپ نے کیا ، آپ بڑھتے رہو سکِپ، ہم آپ کے پیچھے ہیں۔ رمیض راجہ نے ٹویٹ کیا کہ واشنگٹن ڈی سی ایرینا کو پاکستانی وزیراعظم اور پاکستان کیلئے اتنا بھرا دیکھ کر بہت فخر محسوس ہوا۔