Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کا افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کو ٹیلی فون

وزیراعظم کا افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کو ٹیلی فون
August 26, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ بات چیت اور سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کے درمیان پاک افغان تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے پاک افغانستان دو طرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مذہب، ثقافت، مشترکہ تاریخ اور لوگوں کے مابین برادرانہ تعلقات پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغان رہنماؤں کو پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے سیاسی تصفیے کے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔ پاکستان جلد از جلد انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز کا منتظر ہے۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے لیے بطور قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ کونسل کامیابی کے ساتھ اپنے مقاصد کو حاصل کرے گی۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹرعبداللہ عبد اللہ کو جلد از جلد پاکستان آنے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔