Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم کا اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم

وزیراعظم کا اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم
February 18, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے وزیرِ اعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرلیا۔ ملک بھر میں فوری طور پر اور بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔ اسمگلنگ کی روم تھام کے حوالے سے اجلاس میں وزیر اعظم نے وزارتِ داخلہ، قانون نافذ کرنے والے صوبائی و وفاقی اداروں، ایف بی آر، صوبائی حکومتوں کو  مشترکہ طور پر سمگلنگ کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وزارت داخلہ آئندہ 48 گھنٹوں میں کیے جانے والے اقدامات اور جامع لائحہ عمل پر مبنی رپورٹ پیش کرے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئی بی، آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کو سمگلنگ کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کی مانیٹرنگ رپورٹ باقاعدگی سے پیش کریں۔ اجلاس میں مغربی سرحدوں پر بارڈر مارکیٹس کے قیام میں پیش رفت کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ وزیرِ اعظم نے حکم دیا کہ بلوچستان میں بارڈر مارکیٹس کے قیام پر پیش رفت کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ سمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ قومی مفاد کا معاملہ ہے اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایرانی تیل کے حوالے سے جامع پالیسی تشکیل دی جائے۔ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لایا جائے۔