Friday, May 17, 2024

وزیراعظم پولیس اور عدالتوں کو مضبوط کریں، سینئر وکلاء

وزیراعظم پولیس اور عدالتوں کو مضبوط کریں، سینئر وکلاء
September 13, 2020
لاہور (92 نیوز) موٹروے زیادتی کیس کے ملزموں کی شناخت ہوگئی، ابھی تک کوئی گرفتار ی نہیں ہوئی، سینئر وکلاء کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عوام کے لیے کچھ نہ کریں، صرف پولیس اور عدالتوں کو مضبوط کردیں، موجودہ کرمنل جسٹس سسٹم کی وجہ سے ملزموں کو سزا نہیں ملتی، سماجی رہنماء فرزانہ باری نے مجرموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کردیا۔ موٹروے زیادتی کیس میں بڑا بریک تھرو، ملزموں کی شناخت ہوگئی، اب صرف گردن دبوچنا باقی، ملزم عابد اور وقار عادی مجرم تھے،،پہلے بھی گھناؤنے واقعات میں گرفتار ہوتے رہے، ملزم وقار 15 روز پہلے ہی ضمانت پر رہا ہوا تھا۔ سینئر وکیل آفتاب باجوہ کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاست دان نہیں چاہتے کہ نظام مضبوط ہو، وزیراعظم عوام کے لیے کچھ نہ کریں، صرف پولیس اور عدلیہ کومضبوط کردیں۔ سینئر قانون دان عارف چودھری نے کہا کہ کرمنل جسٹس سسٹم کی وجہ سے ملزمان کو سزا نہیں ملتی، بعض کیسز میں مجرم اتنے طاقتور ہوتے ہیں کہ گواہوں کو دبا دیا جاتا ہے، یا ختم کردیتے ہیں۔ سماجی کارکن فرزانہ باری کا کہنا ہے کہ خاتون سے زیادتی کرنے والے مجرموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے، جرائم پیدا کرنے والے محرکات کو بھی ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملزموں کی گرفتاری کے لیے پولیس سمیت تمام ادارے متحرک ہیں، اب درندہ صفت ملزم جلد ہی قانون کی گرفت میں ہوں گے۔